نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے جمہوریت کو تباہ کررہے ہیں، عمران خان

23

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دشمن نے پاکستان کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا نواز شریف نے پہنچایا جب کہ نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستانیوں کو مبارک باد دے رہے ہیں کہ اندهیری رات ختم اور اب نیا پاکستان بننے والا ہے، طاقتور قانون کے نیچے آئے ہیں جب کہ ایسا پہلے کبهی نہیں ہوا، مسلم لیگ(ن) والے سوالوں کے جواب دینے کے بجائے کہہ رہے ہیں کہ سازش ہورہی ہے،(ن)لیگ جمہوریت کی آڑ میں چھپنا بند کردے کیونکہ جمہوریت نہیں مافیا خطرے میں آ رہا ہے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) فوجی آمریت کی پیداوار ہے، جنرل جیلانی، ضیاء الحق کی گود میں پلنے اور بینظیربھٹو کے خلاف اسامہ بن لادن سے پیسے لینے والے جمہوریت کا سبق دے رہے ہیں، آئی ایس آئی سے پیسے لینے والے اب کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے، نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں جب کہ یہ مافیا ڈان ہیں اور دشمن نے پاکستان کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا نواز شریف نے پہنچایا۔