مریم نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش

8

وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازجے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئی ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئی ہیں جہاں وہ اپنا بیان ریکارڈ کروارہی ہیں، مریم نواز فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی دونوں بھائیوں حسن، حسین اور شوہر صفدر کے ساتھ پہنچیں جب کہ ان کے ہمراہ وزیر مملکت مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی بھی تھے۔

جے آئی ٹی میں پیشی کے لیے روانگی سے قبل مریم نواز نے اپنی والدہ کلثوم نواز سے ملاقات کی، سوشل میڈیا میں جاری کی گئی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ کلثوم نواز نے اپنی بیٹی کو دعائیں دے کر رخصت کیا۔ اس موقع پر خاتون اول کے ہاتھ میں قرآن پاک کا نسخہ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف پولیس، ایف سی اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں جب کہ جوڈیشل اکیڈمی کے باہر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔  (ن) لیگی کارکنوں کی جانب سے مریم نواز کے حق میں  فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف بینرز بھی آویزاں کر دیئے گئے ہیں جس پر مریم نواز کے حق میں نعرے درج ہیں۔

دوسری جانب مریم نوازسے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد اسلام آباد روانہ ہوگئی ہے، کارکنان جوہرٹاون میں مقامی ایم این اے کے دفتر کے باہر جمع ہوئے جہاں انہوں نے لیگی قیادت اور مریم نواز کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔