او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس، شاہ محمود سعودی عرب پہنچ گئے

16

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے، اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور نئے امن منصوبے پر بات چیت ہوگی۔

سعودی عرب روانگی سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں او آئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سمٹ لیول میٹنگ کے لئے وزیر اعظم بھی تشریف لے جائیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ نئے امن منصوبہ پر بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ ایران کی صورتحال، کشیدگی اور تناؤ میں اضافے کی صورتحال بھی زیرغور آئیں گی، پاکستان اس اجلاس میں اپنا نکتہ نظر پیش کرے گا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ان کی کچھ وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات ہو گی، کشمیر رابطہ گروپ کے متوقع اجلاس میں ممبران اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی میزبانی میں یہ سربراہ اجلاس مکہ مکرمہ میں 31 مئی کو منعقد ہو رہا ہے۔ سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اجلاس کی صدارت کریں گے، اس اجلاس کا مقصد اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے پیش نظر ایک مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔