اداکارہ انجمن 64 سال کی عمر میں ایک بار پھر رشتہ ازواج میں منسلک

42

                                                                                                                         اسلام آباد

پنجابی فلموں کی معروف ترین اداکارہ انجمن شاہین ایک سابق فلم پروڈیوسر کے ساتھ رشتہ ازواج میں منسلک ہوگئیں۔

64 سالہ اداکارہ انجمن شاہین سابق پروڈیوسر اور بزنس مین وسیم لکی علی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی ہیں۔ شادی دھوم دھام سے کرنے کے بجائے دلہا و دلہن کے قریبی دوستوں اور عزیزوں کی موجود میں سادگی سے ہوئی۔

80ء کی دہائی کی مقبول اداکارہ کی شادی رواں ماہ 17 تاریخ کو ہوئی جسے خفیہ رکھا گیا اور تصاویر جاری ہونے  کے بعد اداکارہ کی دوسری شادی کی خبر اُن کے مداحوں تک پہینچی۔ بعدازاں اس کی تصدیق خود انجمن کو کرنی پڑی۔

انجمن شاہین نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس عمر میں شادی کرنے کی بنیادی وجہ تنہائی تھی جب کہ یہ شادی کرنے سے قبل میں نے تینوں بچوں سے اجازت بھی لی۔ انجمن شاہین کو اُن کے شوہر وسیم لکی نے حق مہر کے طور پر دو کروڑ روپے، ہنڈا کار، دو کنال کا گھر، اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 20 پلاٹس دیئے ہیں۔

یاد رہے کہ بہاولپور میں پیدا ہونے والی انجمن شاہین 80ء اور 90ء کی دہائی میں پاکستانی پنجابی فلموں کی مقبول ترین اداکارہ سمجھی جاتی تھیں انہوں نے اپنے کیریئر میں متعدد فلمیں کیں اور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے جب کہ فلموں میں اُن کی اور سلطان راہی کی جوڑی سب سے زیادہ پسند کی جاتی تھی۔

واضح رہے کہ انجمن کی پہلی شادی انکم ٹیکس کمشنر مبین ملک سے ہوئی تھی جس سے اُن کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹے ذیشان، عدنان اور ایک بیٹی ایمان شامل تاہم 2013ء میں انجمن کے شوہر کو لاہور میں قتل کر دیا گیا تھا۔