برطانیہ، علامہ سجاد رضوی نے بریڈ فورڈ یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کرلی

27

ہیلی فیکس(پ ر) پاکستانی نژاد برطانوی امام و خطیب، معروف دینی سکالر اور کالم نویس علامہ محمد سجاد رضوی نے بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے سوشل سائنسز ڈیپارٹمنٹ سے “امن عالم” میں نمایاں کارکردگی کے ساتھ اپنا تحقیقی مقالہ مکمل کرلیا۔ جس کے نتیجے میں انہیں بدھ کے روز یونیورسٹی کی تقریب میں ایم اے کی ڈگری دی گئی۔  اس سے قبل وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اسلامک سٹڈیز اور ایم اے عربی کی ڈگریز بھی حاصل کرچکے ہیں۔ انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا کی مستند یونیورسٹیز سے تین ماسٹرز ڈگریوں کے حصول کے ساتھ ساتھ اہل سنت و الجماعت کی معروف درسگاہ جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سے درسِ نظامی کی سند بھی رکھتے ہیں۔ برطانیہ میں انہوں نے کم وقت میں علماء و محققین کے اندر نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور تحریر و تقریر کے میدان میں نام پیدا کیا ہے۔ اس موقع پر علامہ رضوی کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز والدین و اساتذہ کی دعاؤں، شفقت اور محنت کی وجہ سے حاصل ہوا۔ اور انسان ساری عمر طالب رہتا ہے۔ مزید جاننے کی آرزو انسان کیلئے بڑی نعمت ہے جو اس کو تحقیق کے میدان میں ہمت دیتی ہے۔ علامہ محمد سجاد رضوی کی کامیابی کی خبر نے پاکستانی کمیونٹی کو بالخصوص فخر و عزت کے جذبات سے سرشار کردیا۔ علماء و مشائخ اور سیاسی و سماجی معروف شخصیات نے انہیں مبارکباد دی اور خوشی کے جذبات کا اظہار کیا۔ چوہدری عمران، سید ظفر اللہ شاہ، علامہ شاہجہان مدنی، علامہ اعجاز احمد نیروی، علامہ عمر حیات قادری، مفتی فیض رسول، علامہ عقیل جلالی، صاحبزادہ مفتی اختر علی قادری، حافظ ظہیر احمد نقشبندی، مفتی نصیر اللہ نقشبندی، علامہ برکات احمد چشتی کے علاوہ کثیر معتبر افراد نے پیغامات محبت پیش کئے ہیں۔