عابد شیر علی نے نواز شریف کو یہودی سردار سے تشبیہہ دے ڈالی

15

 

لاہور: وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں فاش غلطی کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو یہودیوں کے سردار سے تشبیہہ دے ڈالی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی کے موقع پر جہاں مسلم لیگ ن کے رہنما و وزرا اپنے قائد سے وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں وہیں وزیر مملکت عابد شیر علی نے بھی اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہ دیا اور نواز شریف کی تصویر کے ساتھ ایک شعر ٹویٹ کر ڈالا۔

تاہم وزیر مملکت اس بات سے شاید بے خبر تھے کہ شعر میں جس ’مرحب‘ کا ذکر کیا گیا وہ اسلام کے ابتدائی زمانے میں یہودیوں کا ایک سورما ہوا کرتا تھا۔

مرحب غزوہ خیبر میں خلیفہ راشد چہارم حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔

ٹویٹ کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تنقید اور مذاق کا طوفان امڈ آیا۔ کسی نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو جاہل قرار دیا تو کسی نے کہا کہ ایسے دوستوں کی موجودگی میں نواز شریف کو دشمنوں کی کوئی ضرورت نہیں۔