کوئٹہ: خودکش بمبار کا سر مل گیا، 11 شہداء کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا

6

گزشتہ روز کوئٹہ میں حملہ کرنے والے خود کش بمبار کا سر مل گیا، شہید گیارہ افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ہو گی، فرانزک ٹیسٹ کے لئے ٹیم آج لاہور سے کوئٹہ پہنچے گی، ہسپتال میں زیرعلاج کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کوئٹہ: (فلک نیوز) صوبائی دارالحکومت کے پشین سٹاپ پر فوجی گاڑی پر خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ خودکش بمبار کا سر مل گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے مزید شواہد بھی اکٹھے کر لئے گئے ہیں۔ دھماکے میں شہید ہونے والے گیارہ افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔ دھماکے کے زخمی سی ایم ایچ اور سول ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ سیاسی و فوجی حکام نے ہسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی۔ گزشتہ روز پشین سٹاپ پر فوجی جوانوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں آٹھ سکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید ہوئے تھے۔ دھماکے کے بعد آگ نے کئی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ خودکش حملے کے بعد شہر کی فضاء بدستور سوگوار ہے۔