دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں تسلیم کی جائیں: آرمی چیف

5

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دنیا خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کئی دہائی طویل تعاون کی قدر کرے۔

راولپنڈی: (فلک نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات، پیشہ وارانہ امور، سیکیورٹی تعاون، افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اور علاقائی سلامتی سمیت اہم ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی وفد سے گفتگو میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے کے امن کے لیے سب سے بڑھ کر کردار ادا کیا اور دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کیں۔ مالی اور مادی تعاون سے زیادہ ہم اپنی قربانیوں اور کاوشوں کی قدر چاہتے ہیں۔ مالی معاونت سے زیادہ پاکستان کی کاوشوں کو سراہنے کی ضرورت ہے۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کئی دہائی طویل تعاون کی قدر کرے۔  افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان سے زیادہ کسی ملک کو افغانستان میں امن سے دلچسپی نہیں ہے۔ یہ پاکستان ہے جس نے خطے کے امن کے لیے سب سے بڑھ کر کردار ادا کیا۔ پاک افغان سرحد پر بہتر سیکیورٹی صورتحال کیلئے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔