بالی ووڈ میں تینوں خانزکے علاوہ بھی بہت قابل اداکارہیں، عامرخان

8

بالی ووڈ میں جب بھی بہترین اداکاروں کے حوالے سے بات کی جاتی ہے توسب سے پہلے ہدایتکارچاہتے ہیں کہ وہ تینوں خانزشاہ رخ، سلمان اورعامرخان کو اپنی فلموں کا حصہ بنائیں تاکہ وہ فلم باکس آفس پرنئے ریکارڈز قائم کرے جب کہ شائقین بھی تینوں خانزکو بڑے پردے پرفلموں میں دیکھنا چاہتے ہیں تاہم بالی ووڈ اداکارعامرخان کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں صرف تین خانز ہی بہترین اداکار نہیں بلکہ ان کے علاوہ بھی قابل اداکار موجود ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارمسٹرپرفیکشنسٹ عامرخان کا ایک تقریب کے دوران کہنا تھا کہ یہ درست نہیں کہ جب بھی بالی ووڈ کے اسٹارز کی بات ہوتی ہے تو صرف شاہ رخ، سلمان یا میرا عامرخان کا نام لیا جاتا ہے، بالی ووڈ میں اوربھی ایسے فنکار ہیں جو بہترین کام کررہے ہیں اور بہت قابل اورمشہور ہیں جیسا کہ اداکار اکشے کمار کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’ٹوائلیٹ ایک پریم کتھا‘ بہترین فلم ہے جس کو لوگ پسند کررہے ہیں۔

اداکارسے جب شاہ رخ خان کی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ اورسلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہرقابل انسان کی زندگی میں بھی اتارچڑھاؤ آتا ہے، ہم اداکارہمیشہ بہترین کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں جودیکھنے والوں کو پسند بھی آئے لیکن کبھی ہم کامیاب ہوجاتے ہیں جب کہ کبھی ناکام بھی ہوتے ہیں۔ کسی بھی اداکارکی ناکامی اورکامیابی اس کے مشہوراورمعروف ہونے کو متاثرنہیں کرتی لیکن ہمیں اپنی محنت پر بھروسہ کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہنا چاہیئے۔

واضح رہے کہ عامرخان نئی فلم ’’سیکرٹ سپراسٹار‘‘ میں اداکاری کے جوہردکھاتے نظرآئیں گے جو 19 اکتوبرکو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔