چاکلیٹ دل کی بے ترتیب دھڑکن کے خطرے کو دور کرتی ہے

6

ڈنمارک کے سائنسدانوں نے کہا ہے کہ چاکلیٹ کھانے سے دل کی بے ترتیب دھڑکن کے خطرات ٹل جاتے ہیں۔

ڈنمارک کے سائنسدانوں نے  55 ہزار افراد کا تجزیہ کیا اور کہا کہ اگر ہفتے میں 2 سے 3 اونس چاکلیٹ کھائی جائے تو اس سے آٹریئل فلبریشن (اے فِب) کا خطرہ 20 فیصد کم ہوجاتا ہے۔ یہ تحقیق ڈاکٹر ایلزبتھ موستووسکی نے کی جو ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ سے وابستہ ہیں۔

آٹریئل فلبریشن میں دل کے اوپری خانے کی دھڑکن بے ترتیب ہوجاتی ہے جسے ایٹریا کہتے ہیں اور ان میں خون کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے، اس کے مریضوں میں فالج کا خطرہ 5 گنا زیادہ ہوجاتا ہے اور موت کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین نے تحقیق کے لیے 1993 سے 1997 تک 55 ہزار افراد سے متعلق طبی اعداد و شمار کا جائزہ لیا اور ان میں بی ایم آئی یعنی باڈی ماس انڈیکس، کولیسٹرول، اور بلڈ پریشر کو نوٹ کیا۔ ان میں سے 3346 افراد اے فِب کے شکار تھے جن پر ساڑھے تیرہ برس تک غور کیا گیا۔

ان میں سے جن لوگوں نے ہفتے میں ایک سے تین اونس چاکلیٹ کھائی ان میں اے فب کا خطرہ 10 فیصد کم ہوگیا جب کہ جن افراد نے دو سے چھ اونس فی ہفتہ چاکلیٹ کھائی ان میں اے فب کی کیفیت 20 فی صد تک کم نوٹ کی گئی۔ اس سے ثابت ہوا کہ درمیانے درجے کی چاکلیلٹ کھانے سے دل کی بہتر حفاظت کی جاسکتی ہے لیکن اس چاکلیٹ میں کوکو کی مقدار زیادہ ہونی چاہئے۔