’17 ستمبر کو بتا دینا کہ تمہارا فیصلہ جو بھی ہو، ہمارا فیصلہ نواز شریف ہے’

21

لاہور کے حلقہ این اے 120 کے علاقے عابد مارکیٹ میں مریم نواز کا خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب، کہتی ہیں جب کوئی چیلنج ہوتا ہے تو مائیں، بیٹیاں آگے ہوتی ہیں، نااہلی کے بعد میں بھی نواز شریف ہوں، آپ بھی نواز شریف ہیں، اب ہم سب نواز شریف ہیں۔

لاہور:  مریم نواز نے این اے 120 میں خواتین کارکنان کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر بھی پانامہ اور ڈان لیکس جیسے الزامات لگے، والد کیساتھ کھڑا ہونے پر مجھ پر الزامات لگائے گئے لیکن دیوار بن کر کھڑی رہی، ہر سازش کا مقابلہ کیا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ 2013ء میں لوڈ شیڈنگ تھی، آج ہر جگہ بجلی آ رہی ہے، سوال پوچھتی ہوں کہ پاکستان کی ترقی کو کیوں روکا گیا؟ دھرنا، دھاندلی چلی نہ پانامہ تو اقامہ چل گیا لیکن نااہلی کے بعد کارکنوں کا جذبہ بڑھ گیا ہے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ ملک کو کمزور کیوں کیا گیا؟ مریم نواز نے مزید کہا کہ مشرف نے قانون اور آئین کی دھجیاں بکھیریں، آج وہ بے گناہ ٹھہرا لیکن آپ کے لیڈر کو انصاف نہیں ملا، اب عوام کی جے آئی ٹی نے 17 ستمبر کو فیصلہ کرنا ہے، پانامہ اور اقامہ جیسا انصاف نہیں چاہئے، آپ نے انصاف کرنا ہے، نااہلی اور اہلیت کا فیصلہ عوام کریں گے، نواز شریف نے ثابت کیا کہ جمہوریت ڈیلیور کر سکتی ہے، نواز شریف کی ریلی میں لوگوں کا جم غفیر ان کے ساتھ تھا، نااہلی کا شکریہ، آج جہاں دیکھو نواز شریف نظر آئے گا، 17 ستمبر کو بتا دو کہ اب مہرے کی سیاست نہیں چلے گی۔