ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوسرے دن بھی قربانی کا سلسلہ جاری

8

ملک بھر میں ہزاروں فرزندان اسلام عید الاضحیٰ کے دوسرے دن بھی اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور سنت ابراہیمی علیہ السلام کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

ملک بھر میں آج بھی ہزاروں جانوروں کو سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کی راہ میں قربان کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں کہیں قصائیوں کی آؤ بھگت کی جارہی ہے تو کہیں گھر والوں نے یہ کام خود ہی سرانجام دینے کے لیے کمر کس رکھی ہے۔ جو لوگ قربانی سے فارغ ہوچکے ہیں وہ گوشت کی تقسیم میں مصروف ہیں جبکہ خواتین اس گوشت کو محفوظ کرنے یا پھر طرح طرح کے پکوانوں کے ذریعے اپنے دستر خوان کی شان بڑھا رہی ہیں۔

جن افراد نے گزشتہ روز یہ فریضہ سرانجام دے دیا یاپھر کل اسے نبھانے کا تہیہ کیا ہوا ہے وہ آج مہمانوں کے استقبال اور اپنے دیگر عزیز و اقارب سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں، اس کے علاوہ عید کی چھٹیوں سے بھرپور لطف اٹھانے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا بھی رخ کر لیا ہے۔ تفریح گاہوں میں آنے والے افراد گھروں سے لذیذ اور چٹ پٹے پکوان تیار کرکے لارہے ہیں۔