نومبر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کردیں گے، عابد شیرعلی

7

وزیرمملکت برائے توانائی ڈویژن عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت بجلی کا شارٹ فال صفر پر لے آئی ہے نومبر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کےخاتمے کا باضابطہ اعلان کر دیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے توانائی ڈویژن عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے بیان پر ہنسی آرہی ہے کہ ہمارے دور میں بجلی سستی تھی ان کے دور میں تو بجلی تھی ہی نہیں سستی کیا ہوتی، پیپلزپارٹی کے دور میں ہی بجلی کا بیڑہ غرق ہوا تھا۔

عابد شیرعلی نے کہا کہ موجودہ دور میں بجلی کا شارٹ فال صفر پر لے آئی، ہم 20 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرچکے ہیں گزشتہ روز بجلی کی پیداوار 20 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گئی تھی جو طلب سے 1 ہزار 779 میگاواٹ زیادہ تھی اور آئندہ 3 سے 4 ماہ میں 4 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی، ہم نے تہیہ کررکھا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کرنا ہے نومبر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ تمام علاقوں میں یکساں بجلی تقسیم کی جائے گی تاہم چوری کرنے والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ بدستور جاری رہے گی کیوں کہ صوبائی حکومتیں وفاق کے ساتھ تعاون نہیں کررہیں اور اگرمعاملہ ایسا ہی رہا تو بجلی چوری کے مسائل رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند دنوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر کراچی میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی حل کردیں گے۔