شاہد آفریدی کی افغان کرکٹ لیگ میں شرکت سے معذرت

9

اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے افغانستان کی اشپاگیزہ کرکٹ لیگ میں شرکت سے معذرت کرلی۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں سابق قومی کپتان نے لکھا کہ افغان حکومت، کرکٹ بورڈ اور اشپاگیزہ لیگ کا مشکور ہوں جنہوں نے شرکت کی دعوت دی، خاندان میں کچھ ذاتی مصروفیات کے باعث شرکت سے معذرت خواہ ہوں۔

ایک اور ٹویٹ میں شاہد آفریدی نے کہا کہ مستقبل میں یہاں آ کر کھیلوں گا اور کرکٹ کے ذریعے امن کا پیغام عام کرنے کے ساتھ پاکستان اور افغانستان کو متحد دیکھنے کا خواہاں ہوں۔-واضح رہے کہ آفریدی نے اس سے قبل پیغام میں افغان لیگ کھیلنے کا اعلان کیا تھا اور ورلڈ الیون کے دورہ کے موقع پر مصباح الحق، یونس خان اور اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی تھی تاہم اب انہوں نے افغان لیگ میں کھیلنے سے معذرت کی ہے جس کے بعد توقع ہے کہ وہ الوداعی تقریب میں شرکت کریں گے۔