ایم ڈی خیبر بینک کو شو کاز کے بجائے برطرفی کا نوٹس

3

خیبر پختونخوا حکومت نے منیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر شمس القیوم کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بجائے ملازمت سے برطرفی کا نوٹس جاری کر دیا ہے جس کے تحت 7 دنوں کے اندر انھیں ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا جبکہ دوسری جانب ایم ڈی نے مذکورہ نوٹس کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبر پختونخوا کابینہ نے گزشتہ روز اپنے اجلاس کے دوران ایم ڈی بینک آف خیبر شمس القیوم کو صوبائی وزیرخزانہ کے خلاف اشتہار کی اشاعت اور الزامات عائد کرنے کے معاملے پر انھیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کی منظوری دی تھی تاہم گزشتہ روز محکمہ خزانہ نے ایم ڈی کوملازمت سے برخاست کرنے کانوٹس جاری کیا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ایم ڈی نے صوبائی وزیرخزانہ مظفر سید کے خلاف اشتہار کی اشاعت کرتے ہوئے اپنے کنٹریکٹ کی شق7کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایم ڈی کو جاری کردہ نوٹس کے تحت 7 دن پورے ہوتے ہی ایم ڈی کا کنٹریکٹ ختم اور ان کو ملازمت سے برخاست تصور کیا جائیگا۔

ایم ڈی بینک آف خیبر شمس القیوم نے برطرفی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ انھیں ہٹانے کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے اسلیے وہ اس نوٹس کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے صوبائی حکومت پر مسلسل دبائو تھاکہ ایم ڈی بینک آف خیبر کوان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔