اسلام آباد: وفاقی ٹیکس محتسب آفس میں خوفناک آتشزدگی، 2 افراد جاں بحق

13

عوامی مرکز میں وفاقی ٹیکس محتسب آفس میں خوفناک آگ، زندگی بچانے کے لئے بالائی منزل سے چھلانگیں لگانے والے علی رضا اور اعجاز زندگی ہار گئے، ایک کی حالت تشویشناک، 11 گھنٹے بعد بھی شعلے بے قابو، پاکستان نیوی اور بحریہ ٹاؤن آگ بجھانے میں مصروف۔

اسلام آباد: (فلک نیوز) شہر اقتدار کے عوامی مرکز میں صبح سویرے خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی گیارہ گھنٹے بعد بھی آگ کے شعلے بے قابو ہیں۔ چھلانگ لگانے والے 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ ایک شخص زخمی ہے۔ فائر بریگیڈ، فضائیہ اور بحریہ کی گاڑٰیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ اسلام آباد کے ڈپٹی میئر ذیشان شاہ کا کہنا ہے کہ آگ سے عوامی مرکز کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ آگ نے ہر چیز جلا کر راکھ کر دی ہے۔ عوامی مرکز کی عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور عمارت کے گرنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ عوامی مرکز میں آگ سے وفاقی ٹیکس محتسب کا ریکارڈ جل گیا ہے۔ تاہم، ترجمان سی پیک کا کہنا ہے کہ سی پیک تحقیقاتی سنٹر مکمل طور پر محفوظ ہے اور سینٹر میں سی پیک کا کوئی سرکاری ڈیٹا نہیں رکھا جاتا۔ ادھر، حکومت کی جانب سے عوامی مرکز میں آگ لگنے کے معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائمکر دی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی تحقیقات کرے گی۔ پولیس اور سی ڈی اے کے افسران تحقیقاتی کمیٹی میں شامل ہیں۔ کمیٹی آگ لگنے کی وجوہات اور نقصان کے تخمینہ کا اندازہ لگائے گی۔