کراچی آنے والی غیرملکی حج پرواز کا اے سی خراب، مسافروں کی حالت غیر

5

غیر ملکی ایئر لائن نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مدینے سے آنے والی پرواز میں سوار حاجیوں کی جان خطرے میں ڈال دی۔

فلک نیوز کے مطابق غیرملکی ایئرلائن نے خصوصی حج پرواز میں سوار مسافروں کی جان خطرے میں ڈال دی۔ مدینے سے کراچی آنے والی پرواز ایس وی 706 روانگی میں پونے تین گھنٹے تاخیرکا شکار ہوئی تاہم جب مسافر جہاز میں سوار ہوئے تو پتہ چلا کہ اس کا اے سی سسٹم بھی کام نہیں کررہا تھا۔

شکایت کرنے پر عملے نے مسافروں سے کہا کہ ٹیک آف کے بعد سسٹم کام کرنے لگے گا، تاہم سفر کے دوران بھی اے سی ٹھیک نہ ہوسکا۔ مسافروں نے اس پر احتجاج کیا تاہم عملے نے ان کی ایک نہ سنی۔ شدید حبس اور دم گھٹنے کی وجہ سے بیشتر مسافروں کی حالت غیر ہوگئی جس کے باوجود عملے نے طیارے کا رخ نہ تو واپس مدینے کی طرف موڑا اور نہ کسی نزدیکی ایئرپورٹ پر اتارا بلکہ سفر جاری رکھا۔

پروازمیں خواتین، بچے اور بزرگ مسافر بھی موجود تھے، جب کہ عالمی ایوی ایشن قوانین کی رو سے مسافروں کی طبیعت خراب ہونے پرمیڈیکل لینڈنگ کی جاتی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ خصوصی حج فلائٹ کے مسافروں کے ساتھ یہ سلوک ہوتا ہے تو عام مسافروں کی کیا حالت ہوتی ہوگی۔