اینڈی فلاور کا اردو میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کا نعرہ، وڈیو وائرل

7

ورلڈ الیون کے کوچ اور زمبابوے کے سابق کپتان اینڈی فلاور نے ٹور کے دوران اردو سیکھ لی اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگادیا، جب کہ لذیذ پاکستانی کھانوں کی وجہ سے ان کا پیٹ بھی نکل آیا۔

ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور نے اپنے بھائی  گرانٹ فلاور کی دعوت پر لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اور انڈور اسکول و مختلف سہولیات کا جائزہ لیا۔ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے اینڈی فلاور نے اکیڈمی کو شاندار قرار دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اینڈی فلاور نے کہا کہ پاکستان کا دورہ بہت شاندار رہا، یہاں آکر بہت اچھا لگا اور بہت خوشی ہوئی ، دوبارہ آنا بھی پسند کروں گا تاہم اگلا ٹور کس حیثیت سے ہوگا یہ فی الحال معلوم نہیں۔ اینڈی فلاور نے پاکستانی کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اتنے مزے کے کھانے پکاتے ہیں کہ ہاتھ نہیں رکتا اور اس لیے میرا پیٹ بھی بڑھ گیا ہے۔

ورلڈ الیون کوچ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں اردو کے کچھ الفاظ بھی سیکھے ہیں اور السلام علیکم، وعلیکم السلام، شکریہ کہا کہ جبکہ پاکستان زندہ آباد کا نعرہ بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ میں دیکھنے آیا تھا کہ گرانٹ پاکستان میں اتنا خوش کیوں ہیں۔

واضح رہے کہ اینڈی فلاور کے بھائی گرانٹ فلاور پاکستانی قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہیں۔ اینڈی فلاور ورلڈ الیون کے ساتھ واپس روانہ نہیں ہوئے بلکہ بھائی کی درخواست پر مزید ایک دن قیام کیا۔