اب ہوائی جہاز میں ڈبل بیڈ پر سوتے ہوئے سفر کیجئے

106

قطر ایئرویز نے اپنی بزنس کلاس میں آرام دہ ڈبل بیڈ کا اضافہ کرکے دنیا کی پہلی ایئرلائن کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جس میں درمیانی دو سیٹیں مکمل بستر میں تبدیل ہوجاتی ہیں اور اطراف میں پارٹیشن اسے پرائیوٹ کمرہ بنادیتا ہے جبکہ دو ٹی وی اسکرین بھی لگائے گئے ہیں۔

اگر چار مسافر ایک ساتھ سفر کررہے ہیں تو بھی وہ اپنی نشستوں کو بیڈ کی صورت دے سکتے ہیں اور اسے ایک نجی اور ذاتی علاقہ بناسکتے ہیں۔ اس طرح اہلِ خانہ اور دوست آرام سے پرائیویٹ جگہ بناسکتے ہیں۔ قطر ایئرویز نے اسے ’کیوسویٹس‘ کا نام دیا ہے۔ ایئرلائن کے یورپی سینئر نائب صدر جوناتھن ہارڈنگ نے کیوسویٹس کو بزنس کلاس کی بھی فرسٹ کلاس پروڈکٹ قرار دیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ آسمان پر بھی ڈبل بیڈ فراہم کررہے ہیں جو ایک نئی اور انقلابی سروس ہے۔ اس میں سفر کرنے والے افراد ایک بالکل نیا اور خوشگوار تجربہ حاصل کرسکیں گے۔

فی الحال کیوسوئٹس کو لندن کی پروازوں کے لیے پیش کیا جارہا ہے اور اگلے مرحلے میں نیویارک سے پیرس کی پروازوں میں متعارف کرایا جائے گا۔