نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی نیویارک میں رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ پیتے ہوئے تصاویر پر پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکاروں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بھارتی اداکار رنبیر کپور کی نیویارک میں آدھی رات کو سگریٹ پیتے ہوئے وائرل ہونے والی تصاویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا تھا، سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ کو نامناسب لباس پہننےاورسگریٹ پینے جیسی غیر اخلاقی حرکت کرنے پر انہیں نہ صرف شدید تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ انہیں تہذیب اور اخلاقیات کا درس دیتے ہوئے ملکی اقدار کا خیال رکھنے کا بھی لیکچر دے دیا، سوشل میڈیا صارفین کی تنقید اور وائرل ہونے والی تصاویر پر ماہرہ یا رنبیر کا تو کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم شوبز سے تعلق رکھنے والےدیگر فنکار ماہرہ کی حمایت میں میدان کود پڑے جن میں علی ظفر ، مومنہ مستحسن اور عثمان خالد بٹ شامل ہیں۔
پاکستان شو بز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکاراور اداکار علی ظفر نے ماہرہ خان کی پرسنل زندگی پر تنقید کرنے والوں کے لیے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ماہرہ کی حمایت میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو کیا ہوگیا ہے؟کیا ہم سب میں احساس ختم ہوگیا ہے، ہر عورت کوزندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق حاصل ہے اگر اس سے کسی کو نقصان نہیں پنچ رہا جیسے ہم مرد گزارتے ہیں ، ہمیں کسی کے بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عقلمندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک نے بھی ماہرہ خان کی تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے آپ سگریٹ نہیں پی سکتے، باہر نہیں جاسکتے، اپنی مرضی کا لباس نہیں پہن سکتے کیونکہ آپ مشہور ہیں، واہ یار حد ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ خان اور رنبیر کپور کی تصاویر پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ایک صارف نے معاشرے میں رائج دوہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی کام مرد کرے تو ٹھیک لیکن اگر ایک عورت کرے تو وہ بے حیا بن جاتی ہے۔