ٹائیگر اپنے استاد ہریتھک کیساتھ پہلی بار فلم میں جلوہ گرہوں گے

13

بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن اور ٹائیگر شروف پہلی بار یش راج کی نئی فلم میں اکھٹے جلوہ گر ہوں گے۔

بالی ووڈ میں اپنی پہلی ہی فلم سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے نوجوان اداکار ٹائیگر شروف نہ صرف ایکشن ہیرو ہریتھک روشن کو اپنا آئیڈیل تسلیم کرتے ہیں بلکہ وہ انہیں اپنا گرو بھی قرار دیتے ہیں جب کہ ’ہیروپنتی‘ کے ہیرو نے تو ہریتھک روشن کو فلم نگری کا مکمل اداکار قرار دیا تھا اور اب ٹائیگر شروف کو اپنے گرو کے ساتھ پہلی بار بڑے پردے پر کام کرنے کا موقع ملا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یش راج فلمز نے بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر یش راج کے جنم دن کے موقع پر ہریتھک روشن اور ٹائیگر شروف کے ساتھ فلم بنانے کا اعلان کیا ہے جس کی ہدایت کار  فلم ’ بینگ بینگ‘ کے ڈائریکٹر سدارتھ آنند انجام دیں گے جب کہ فلم 25 جنوری 2019 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

دوسری جانب یش راج فلمز کی جانب سے ٹائیگر اور ہریتھک کو لیڈ رول میں لینے کے اعلان کے بعد دونوں اداکاروں کے درمیان ٹوئٹر پر دلچسپ گفتگو ہوئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ٹائیگر شروف نے ہریتھک کو ’’سر‘‘ کرکے مخاطب کیا اور کہا کہ بلاشبہ آپ میرے گرو ہیں لیکن گیم چینج بھی ہوجاتا ہے۔
جس کے جواب میں ہریتھک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’استاد‘‘ ہمیشہ ایک گُر اپنے شاگرد کو نہیں سکھاتا۔