حلف نامے میں رد و بدل ، سپیکر قومی اسمبلی کا غلطی کا اعتراف

11

حلف نامے میں کلیریکل غلطی ہوئی اس کو تسلیم کرتے ہیں ، ٹھیک کروایا جائے گا :سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسلام آباد (فلک نیوز ) حکومت نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ، سپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے الیکشن بل 2017 کی منظوری کے دوران ارکان اسمبلی کے حلف نامہ میں کلیریکل غلطی ہوئی ، حلف نامے میں رد وبدل پر سپیکر قومی اسمبلی نے کلیریکل غلطی کا اعتراف کر لیا ۔ حرف بہ حرف پرانا حلف نامہ بحال کرنے کا فیصلہ بھی سنا دیا ۔ ارکان اسمبلی کے حلف نامے میں رد و بدل پر بحث چلی تو بات دور نکل گئی ۔ معاملے کی سنگینی کا احساس ہونے پر سپیکر ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلا لیا ۔ اجلاس میں تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما شریک ہوئے ۔ دوران اجلاس پیپلز پارٹی کے نوید قمر کا موقف تھا کہ حکومت اپنی غلطی کو درست کرے ، تمام پارلیمانی رہنماؤں نے غلطی کی فوری درستگی کا مطالبہ کیا ۔ اجلاس کے بعد سپیکر ایاز صادق نے میڈیا کے سامنے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا جو بھی ٹیکنیکل یا کلیریکل غلطی ہوئی ہے اس کو ٹھیک کیا جائے گا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا حلف نامہ اصل شکل میں واپس لانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ وزیر قانون زاہد حامد نے کہا پرانے حلف نامے پر واپس جانے پر کوئی اعتراض نہیں ۔ پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے شق 203 کو بھی اصل حالت میں لانے پر زور دیا ۔ دیکھنا یہ ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ حلف نامے کی تبدیلی کا معاملہ شق 203 کی نذر ہو جائے ۔