نااہل شخص کوپارٹی صدر چن کر شرافت کا جنازہ پڑھاگیا،طاہرالقادری

5

خوشامدی تاریخ کے آئینے میں اپنا منہ کالا پائینگے ، ایم ایس ایم کے یوم تاسیس سے خطاب

لاہور (نمائندہ فلک نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے 23 ویں یوم تاسیس پر خطاب کرتے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے جسے نااہل قرار دیا اسے دوبارہ اپنی پارٹی کا صدر چننے والوں نے دیانت، صداقت اور شرافت کی سیاست کا جنازہ پڑھا۔ ایک خائن کی خوشامد کرنیوالے تاریخ کے آئینے میں اپنا منہ کالا پائیں گے ، عقیدہ ختم نبوت پر حملہ ہو یا عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف منفی مہم، محب وطن اینکرز یا کرپشن کیسز کی جرأت مندی کے ساتھ تحقیقات کرنیوالے افسران کو دی جانیوالی دھمکیاں ہوں،ان سب کا مقصد انارکی پھیلانا، انصاف کے اداروں کو دباؤ میں لانااوراحتساب سے بچنا ہے ، تاہم پاکستان کے محب وطن،پڑھے لکھے باشعور نوجوان اشرافیہ کے ان فاشسٹ ہتھکنڈوں کو ناکام بنائیں گے اور لٹیروں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے ۔ یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ایم ایس ایم کے نوجوان مصطفوی انقلاب کا ہراول دستہ ہیں، ہمیں ایم ایس ایم کے نظریاتی محب وطن اور باشعور نوجوانوں پر فخر ہے ،تقریب سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف،رفیق نجم،رانا تجمل،ضیاء الرحمن،احسن ایاز،میاں انصر،یونس نوشاہی،اقراء یوسف جامی ودیگر طلبا رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ، یوم تاسیس کی تقریب میں ایک قرارداد کے ذریعے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ، تقریب کے اختتام پر یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی وخوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔