ترکی میں آئس کریم فروش نے عامر خان کو چکرا کر رکھ دیا

10

ترکی میں آئس کریم فروش نے معروف بھارتی اداکار عامر خان کو گھما کر رکھ دیا۔

بالی ووڈ اداکارعامر خان اپنی نئی فلم کی تشہیر کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ ترکی کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے صدارتی محل میں ملاقات بھی کی۔ عامر خان نے موقع غنیمت جانتے ہوئے ترکی کی مشہور زمانہ آئس کریم کھانے نکل پڑے لیکن اس کا حصول کافی دشوار گزار ثابت ہوا۔

عامر خان نے ٹوئٹر پر ’’صبر کا پھل میٹھا‘‘ کے نام سے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ترکی کے آئس کریم فروش سے آئس کریم خرید رہے ہیں لیکن آئس کریم والا جو کسی بازی گر سے کم نہیں آئس کریم عامر خان کے ہاتھ میں پکڑاتے ہوئے انہیں خوب تنگ کرتا ہے تاہم مسٹر پرفیکشنسٹ بھی جھنجھلاہٹ کا شکار نہیں ہوتے اور صبر کے ساتھ آئس کریم پکڑنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

عامر خان آئس کریم لینے کے لیے ہاتھ بڑھاتے ہیں لیکن آئس کریم فروش بڑی مہارت کے ساتھ کسی بازی گر کی طرح آئس کریم کو ادھر ادھر ہوا میں گھماتا رہتا ہے کہ آئس کریم نہ تو زمین پر گرتی ہے اور نہ ہی عامر کے ہاتھ میں آتی ہے۔ اداکار کو خوب زچ کرنے کے بعد بالآخر دکاندار عامر کو آئس کریم دے دیتا ہے۔

ان کی ویڈیو کو دیکھ کر لگتا ہے کہ فلموں میں  ایکشن  دکھانے والے اداکار پر ترکی کا آئس کریم فروش  بازی لے گیا۔