کپل شرما اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث اسپتال منتقل

7

بھارت کے معروف مزاحیہ اداکار کپل شرما کو بلڈ پریشر بڑھ جانے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نامور بھارتی مزاحیہ اداکار کپل شرما اداکار پاریش راول کے ساتھ دی کپل شرما شو کی نئی قسط کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے نتیجے میں وہاں موجود ٹیم ممبرز نے انہیں فوراً قریبی اسپتال منتقل کردیا۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق کپل کو بدھ کے روز ممبئی کے علاقے اندھیری میں شام 4 بجے داخل کیا گیا تھا ، کپل کا بلڈ پریشر اچانک بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہوگئی ،ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کپل کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے لیکن وہ اب بھی بدستور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہی رہیں گے۔

کپل کے ساتھی اداکار ککو شردھا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوٹنگ کے دوران کپل نے اچانک بے چینی محسوس کی اور کہا کہ ان کی حالت ٹھیک نہیں ہے جس پر وہاں موجود تمام لوگ گھبرا گئے اور انہیں فوراً اسپتال منتقل کیاگیا،کپل کی طبیعت خرابی کی وجہ کام کی زیادتی بتائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کپل گزشتہ کافی عرصے سے مختلف وجوہات کی بنا پر خبروں کا مرکز بنے ہوئے ہیں دوماہ قبل ساتھی اداکار سنیل گروور کے ساتھ جہاز میں ہونے والی لڑائی نے ان کی شہرت کوکافی نقصان پہچایا تھا،جس کے نتیجے میں ان کے شو کی ریٹنگ بری طرح متاثر ہوئی تھی۔