ساہیوال کا چھرامار وسیم منڈی بہاؤالدین سے گرفتار، کراچی میں حملوں سے متعلق تفتیش

9

کراچی میں خواتین پر حملوں کی تفتیش میں اہم پیش رفت، ساہیوال کا چھرا مار وسیم منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کر لیا گیا، کراچی پولیس نے پکڑے جانے سے لاعلمی کا اظہار کر دیا۔

کراچی: (فلک نیوز) کیا کراچی میں خواتین پر حملے کرنے والا پکڑا گیا؟ ساہیوال کا چھرا مار وسیم گرفتار ہو گیا۔ تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ملزم سے اہم معلومات ملنے کا امکان ہے۔ وسیم کا دوست شہزاد پہلے ہی ریمانڈ پر کراچی پولیس کے پاس ہے۔ وسیم ساہیوال اور چیچہ وطنی میں خواتین پر درجنوں حملوں میں ملوث رہا۔ اسی جرم میں قید بھی کاٹ چکا ہے۔ وہ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ ساہیوال میں ملزم کے گھر پر چھاپہ بھی مارا گیا جہاں سے اس کے بڑے بھائی کو زیرحراست لیا گیا تھا جبکہ اس کی فیملی اگلے دن وہاں سے منتقل ہو گئی تھی۔ سندھ پولیس کو کراچی میں خواتین پر حملوں میں وسیم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ملزم سے شہر قائد میں پیش آنے والے واقعات پر تفتیش کیلئے مدد ملنے کا امکان ہے۔ تفتیشی اداروں کے مطابق کراچی اور ساہیوال میں پیش آئے واقعات میں بہت زیادہ مماثلت ہے جس کی وجہ سے تحقیقات کا رخ ساہیوال کے وسیم کی جانب مڑ گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی خواتین پر حملوں کے واقعات میں ملزم کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔