عینک والا جن کی ’’بل بتوڑی‘‘نصرت آرا کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

17

پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’’عینک والا جن ‘‘کی مقبول ترین اداکارہ نصرت آرا طویل علالت کے باعث انتقال کرگئیں۔

فلک نیوز کے مطابق اداکارہ نصرت آرا طویل عرصے سے بیمار تھیں، ہفتے کے روز سانس اکھڑنے کی وجہ سے انہیں لاہور کے جناح اسپتال منتقل کیاگیا،جہاں دل کا دورہ پڑنے کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکیں اوراپنے خالق حقیقی سے جاملیں۔

نصرت آرا نےڈراما سیریل ’’عینک والا جن‘‘ میں ’’بل بتوڑی‘‘ کا کردار نبھایا تھا، یہ کردار اتنا مقبول ہوا کہ نصرت آرا کی پہچان بن گیا، لوگ انہیں آج تک ان کے اصلی نام سے نہیں بلکہ ’’بل بتوڑی‘‘ کے نام سے جانتے ہیں، شہرت اور مقبولیت کے باوجود نصرت آرا نے زندگی کے آخری ایام نہایت کسمپرسی میں گزارے، ایک سال قبل ان پر فالج کا حملہ ہوا تھا جس سے ان کی بائیں ٹانگ شدید متاثر ہوئی تھی،تاہم وسائل نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے علاج کے لیے حکومت سے اپیل بھی کی تھی۔