آصف زرداری کی وکٹ اڑانےکیلئے خاص سوئنگ سیکھی ہے، عمران خان

5

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی وکٹ اڑانے کیلئے خاص سوئنگ سیکھ لی ہے اور اب ان کی وکٹ گرنے میں زیادہ دیر نہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے، ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، گلالئی نے خود پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور اصولوں کی خلاف ورزی کی، امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن ایسے فیصلے کرے گا جو تحریک انصاف کے خلاف نہ ہوں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان نے جتنا ڈومور کرنا تھا کرلیا، امریکا کی جنگ میں پاکستان نے جتنی قربانی دی اتنا تو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، ڈو مور کرتے کرتے ہم نے اپنے ہے قبائلی علاقوں کو اجاڑ لیا اور انتہا پسندی بھی بڑھ گئی۔

پی ٹی آئی چیرمین کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کے خلاف کارروائی خوش آئند ہے، آصف زرداری کی وکٹ اڑانے کیلئے خاص سوئنگ سیکھ لی ہے، مجھے ان کی مڈل اسٹمپ صاف نظر آرہی ہے اور اب ان کی وکٹ گرنے میں زیادہ دیر نہیں، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوتا تو آج سندھ کا یہ حال نہ ہوتا، زرداری مافیا نے تو گنے کے کاشتکاروں سے بھی جینے کا حق چھین لیا ہے۔