این اے 4: پی ٹی آئی آگے، نون لیگ پیچھے، غیرحتمی غیرسرکاری نتائج

8

این اے 4 پشاور کا ضمنی الیکشن، 198 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج، تحریک انصاف کے ارباب عامر 36149 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر، نون لیگ کے ناصر موسیٰ زئی 19755 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر جبکہ اے این پی کے خوشدل خان 18781 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

پشاور: (فلک نیوز) این اے چار پشاور میں بلا لگائے گا میدان، شیر دھاڑے گا یا تیر کی ہو گی پرواز، ہر لمحہ صدیوں پر بھاری ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ 269 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ 35 پولنگ سٹیشنز پر الیکٹرانک ووٹنگ کا تجربہ کیا گیا۔ خواتین بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے پہنچیں۔   7:40 پی ایم: 198 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج تحریک انصاف کے ارباب عامر 36149 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔ نون لیگ کے ناصر موسیٰ زئی 19755 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ اے این پی کے خوشدل خان 18781 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔ پیپلز پارٹی کے اسد گلزار کے 7611 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر ہیں۔ آزاد امیدوار شفیق امینی 6875 ووٹ لے کر پانچویں نمبر پر ہیں۔ جماعت اسلامی کے واصل فاروق 5041 ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر ہیں۔ آزاد امیدوار الحاج لیاقت علی نے 2418 ووٹ لے کر ساتویں نمبر پر ہیں۔   سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز کو پولنگ سٹیشنز تک لانے کے جتن بھی خوب کئے گئے۔ معذور افراد بھی دور دور سے ووٹ ڈالنے پہنچے۔ ایک چچا، بھتیجا دبئی سے ووٹ ڈالنے بڈھ بیر کے علاقے نثار کلے کے پولنگ سٹیشن پر پہنچ گئے۔ پولنگ کے موقع پر زبردست سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔ فوج کے جوان بھی پولنگ سٹیشنز پر تعینات کئے گئے تھے۔ آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے مختلف علاقوں سے 10مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، یونین کونسل 56 زنگلی کے عوام نے این اے فور کے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا، کہتے ہیں بجلی ہے نہ پانی، گیس بھی نہیں آتی، سیاستدانوں کی صرف آنیاں جانیاں ہیں۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر دن بھر جگہ جگہ نون اور جنون آمنے سامنے آتے رہے۔ گلشن رحمان کالونی میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ پیپلز پارٹی کی ایم پی اے نگہت اورکزئی نے کلاشنکوف سمیت پولنگ سٹیشن پر دبنگ انٹری دے ڈالی۔