آئندہ سال ایمرجنگ ایشیا کپ بھی پاکستان میں ہو گا، نجم سیٹھی کا اعلان

19

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ 8 سال پہلے کرکٹ جہاں سے ختم ہوئی وہی سے شروع ہو گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال ایمرجنگ ایشیا کپ بھی پاکستان میں ہو گا۔ صدر سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے۔

لاہور: (فلک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ آج پاکستان میں کرکٹ کا تاریخی دن ہے جو ہم سری لنکن بورڈ کی بہادری کی وجہ سے دیکھ رہے ہیں۔ لنکن کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ سری لنکا کی پاکستان میں موجودگی خوشی کی بات ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج لاہورمیں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا ہے۔ آئندہ سال اپریل میں ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان میں ہو گا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بنگلا دیش، بھارت، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کرینگی۔ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی چھٹی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کرحصہ لے گی۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی دنیا میں ہمارا بڑا بھائی ہے۔ کرکٹ کی بحالی کے لیے سری لنکا پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔ مستقبل میں بھی پاکستان کا دورہ کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں آ کر سری لنکن کھلاڑی اور بورڈ کے اراکین بہت خوش ہیںِ۔ امید ہے آج کا میچ اچھا ہو گا۔