چینی کنسورشیم سی پیک پاور پروجیکٹ کیلیے 1.5 ارب ڈالر قرض دیگا

5

 چائنا پاورحب جنریشن کمپنی، چائنا ڈیولپمنٹ بینک اور ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ بینک چائنا کی قیادت میں چینی بینکوں کے کنسورشیم کے درمیان 1.5ارب ڈالر مالیت کے قرضوں کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کے تحت بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے حب میں 660میگاواٹ کے 2کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں، کمپنی میں چائنا پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ 74فیصد جبکہ حبکو 26 فیصد کی شراکت دار ہیں، پلانٹ اورجیٹی کی تعمیر پر 2ارب ڈالرکی لاگت آئے گی۔ اپنے آغاز کے بعد یہ پروجیکٹ ملک کو 9ارب کلو واٹ بجلی فراہم کرے گا جس سے تقریباً 40 لاکھ خاندانوں کو بجلی فراہم کی جاسکے گی۔

چائنا ڈیولپمنٹ بینک سچوان کے صدر جاؤ یاؤزنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کا بینک پاکستان میں 19اہم پروجیکٹس کیلیے تقریباً 7.8ارب ڈالر فراہم کرچکا ہے، بینک 2006 سے حکومت پاکستان کے ساتھ کام کررہا ہے اوروزارت خزانہ کو 1.7ارب ڈالر کا قرض فراہم کرچکا ہے۔

چائنا پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ کے چیئرمین یوبنگ نے اپنے خطاب میں چینی صدرشی جن پنگ کے حالیہ بیان کا حوالہ دیا جس میں چینی صدر نے چین کی ترقی میں شراکت دار کی پالیسی بیان کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت علاقائی سطح پر پالیسی، انفرااسٹرکچر، تجارت، مالیات، لوگوں کے درمیان تعلقات جیسے شعبوں میں کام کرکے باہمی ترقی کو فروغ دینا چاہتاہے، چائنا پاور حب جنریشن منصوبہ سی پیک کی ترجیحی لسٹ میں شامل ہے اور پروجیکٹ 2017 کے آخر تک فنانشل کلوز کا مرحلہ عبور کرلے گا، بجلی کا یہ منصوبہ دونوں ممالک کے تعلقات کی واضح مثال ہے اور یہ ملک و قوم کے لیے بہت سے معاشی اور معاشرتی فوائد لائے گا۔

حب پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد منصور نے اس موقع پر منصوبے کے شراکت داروں کی جانب سے پروجیکٹ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور حاضرین کو حب پاور کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ معاہدے کے تحت چینی بینکوں کا کنسورشیم 1320میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے مجوزہ پروجیکٹ کی مجموعی لاگت 2 ارب ڈالر کا 75فیصد یعنی ڈیڑھ ارب ڈالر قرضہ فراہم کرے گا جبکہ چائنا پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ پہلے ہی پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے 300 ملین ڈالر بحیثیت شیئرہولڈر قرضہ فراہم کر چکی ہے، معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں چائنا پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ حب پاورکمپنی، چائنا پاور حب جنریشن کمپنی، چائنا ڈیولپمنٹ بینک، ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ بینک آف چائنا، چائنا کنسٹرکشن بینک اور بینک آف کمیونی کیشن کے نمائندے موجودتھے۔