فلم ’’پدماوتی‘‘ ایک بار پھر مشکلات کا شکار

7

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ کی ریلیز ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی۔

بالی ووڈ کو’باجی راؤ مستانی‘، ’رام لیلا‘، ’دیوداس‘ جیسی کامیاب فلمیں دینے والے نامور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی نئی فلم ’پدوماتی‘ آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی، شوٹنگ کے دوران انتہا پسند ہندؤوں کی جانب سے توڑ پھوڑ اور سیٹ کو آگ لگائی گئی جب کہ کچھ دن قبل ایک بار پھر فلم پر حقائق کو مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کیا گیا جس پر ہدایت کار نے فلم کے کچھ سین خود ہی کاٹ دیے مگر اس کے باوجود فلم کی ریلیز تاحال مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

 بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی وجہ سے راجپوت کمیونٹی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں لہذا گجرات اسمبلی کے انتخابات سے قبل کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فلم کی ریلیز کو وقتی طور پر روکا جائے۔
رپورٹس کے مطابق بی جے پی حکام نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ فلم کی ریلیز سے قبل راجپوت برادری کے نمائندوں کو یہ فلم دکھائی جائے۔

واضح رہے فلم  یکم دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی جب کہ گجرات میں 9 سے 14 دسمبر تک انتخابات ہوں گے۔