فیصل آباد میں تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےکارکنوں کی گرفتاریوں کاسلسلہ جاری

19

فیصل آباد ( فلک نیوز )  فیصل آباد میں تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ کے گرفتار کارکنوں کی تعداد 69 ہو گئی ۔ دو روز کے دوران گرفتار کئے گئے کارکنوں کو نظر بندی قانون کے تحت 30 روز کیلئے جیل بھیج دیاگیا۔
پولیس نے تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ کا احتجاج دبانے کیلئے دو روز میں 69 کارکنوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ احتجاج کے پہلے روز دس نومبر کو ضلع کونسل چوک سے 59 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ جب کہ گزشتہ روز بھی گرفتاریوں کیخلاف ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس نے 12 کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔
پولیس نے مظاہرین کو روکنے کیلئے نہ صرف لاٹھی چارج کیا بلکہ آنسوگیس کا بھی بے دریغ استعمال کیا جس سے عام شہری بھی بری طرح متاثر ہوئے ۔
پولیس نے گرفتارکئے گئے 69 کارکنوں کو نظر بندی قانون 16 ای پی او کے تحت 30 روز کیلئے جیلوں میں منتقل کر دیاہے ۔
دوسری جانب تحریک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔