یوسی براؤزر گوگل پلے اسٹور سے ہٹادیا گیا

4

گوگل نے بھارتی پلے اسٹور سے یو سی براؤزر کو ہٹا دیا ہے اور اب بھارتی اینڈروئیڈ فون صارفین اپنے فون میں یو سی براؤزر انسٹال نہیں کرسکیں گے۔

بھارتی اینڈروئیڈ صارفین کے لیے بری خبر ہے کہ گوگل نے 30 دن کےلیے پلے اسٹور سے یو سی براؤزر ہٹادیا ہےاور بھارت میں موجود اینڈروئیڈ صارفین اپنے موبائل فون میں یو سی براؤزر انسٹال نہیں کرسکیں گے۔ گوگل نے یہ فیصلہ یو سی براؤزر کی جانب سے صارفین کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا ان کی اجازت کے بغیر اسٹور(ذخیرہ) کرنے کی شکایتوں پر کارروائی کرتے ہوئے کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یو سی براؤزر چین کی ای کامرس کمپنی علی بابا کی ملکیت ہے اور گزشتہ دو ماہ سے اس کمپنی کے خلاف شکایات موصول ہورہی تھیں کہ کمپنی بغیر اجازت صارفین کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا چین میں اپنے سرور پر بھیج رہی ہے، جب کہ کمپنی پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ اگر صارف یو سی براؤزر کو اپنے فون سے ان انسٹال کردیتا ہے یا براؤزنگ کی ہسٹری (تاریخ) مٹادیتا ہے تب بھی موبائل پر یو سی براؤزر کا کنٹرول باقی رہتا ہے اور صارفین کی معلومات چینی سرور پر منتقل ہوتی رہتی ہیں۔

گزشتہ دو ماہ سے بھارت میں یو سی ویب براؤزر اس معاملے میں ملوث پایا جارہا ہے۔ بھارتی حکومت نے بھی اس معاملے میں کمپنی سے پوچھ گچھ کی تھی اور حکومتی ڈیجیٹل لیبارٹری کو اس معاملے کی تفتیش کا حکم دیا تھا۔

گوگل نے بھی یو سی براؤزر کی سرگرمیوں کو اپنی پالیسیوں کے خلاف قرار دیا ہے۔ چند روز قبل اینڈروئیڈ پولیس فاؤنڈر آرٹیم روساکوواسکی کوایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں یو سی ویب (یو سی براؤزر بنانے والی کمپنی) اور گوگل کے مابین تضاد سے متعلق نشاندہی کی گئی تھی۔

دوسری طرف یو سی ویب کی جانب سے موصول ہونےوالی ای میل میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ یو سی براؤزر کو بھارت میں گوگل پلے اسٹور سے 30 دنوں کےلیے عارضی طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔ ای میل میں پلے اسٹور سے یو سی براؤزر کو ہٹائے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یو سی براؤزر گوگل کی پالیسیوں کے مخالف پایا گیا ہے البتہ ہم نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے اور اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کرنے کے لیے کہہ دیا ہے۔

ای میل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب تک کہ یہ مسئلہ حل نہیں ہوجاتا، صارفین یو سی براؤزر کے متبادل کے طور پر پلے اسٹور سے یو سی براؤزر منی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں  نے گوگل پلے اسٹور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مسائل کو سمجھا اور ہمیں سپورٹ کیا۔ یوسی براؤزر کا نیا ورژن بہت جلد پلے اسٹور پر دستیاب ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یو سی ویب نے دعویٰ کیا تھا کہ دنیا بھر میں تقریباً 500 ملین صارفین نے اس براؤزر کو ڈاؤن لوڈ کیا تھا جب کہ صرف بھارت میں 100 ملین لوگ یہ براؤزر استعمال کرتے ہیں۔