لاہور- قادیانیوں کو مسلمان سمجھنے والا اسلام اور آئین کا غدار ہے. عبدالوحید شاہد روپڑی

3

لاہور(فلک نیوز )جماعت اہلحدیث پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے کہا ہے کہ قادیانیوں کو مسلمان سمجھنے والا اسلام اور آئین کا غدار ہے، قادیانی یہودیوں کے ساتھ مل کر اسلام اور پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ختم نبوت حلف نامہ میں رد و بدل کا ذمہ دارکو بے نقاب کیا جائے ۔امریکہ نے ناموس رسالت قانون تبدیلی کا مطالبہ کر کے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ہے ۔دینی جماعتوں کے اتحاد سے ملک میں فرقہ وارانہ ماحول کے خاتمے میں مدد ملے گی، مذہبی جماعتوں کا اتحاد ملک میں قیام امن اور پرامن فضاء ہموار کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان میں غیر ملکی قوتوں کے ایماء پر کچھ قوتیں ملکی سیاست میں مداخلت کررہی ہیں جو کہ ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے ، ملک میں ختم نبوت سے متعلق مسئلہ قومی اسمبلی اور سینٹ کے بل کی متفقہ منظوری کے بعد حل ہوچکا ہے جس کے بعد مزید اقدامات باہمی مشاورت سے اٹھائے جانے چاہئیں اس کیلئے تنہا پرواز نہیں ہونی چاہیے۔