آئندہ لائحہ عمل کی تیاری، 4 دسمبر کو ن لیگ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب

7

موجودہ حالات میں مسلم لیگ ن کا آئندہ لائحۂ عمل کیا ہو گا؟ پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس پیر 4 دسمبر کو اسلام آباد میں طلب۔

اسلام آباد: (فلک نیوز) نون لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پارٹی سربراہ نواز شریف کریں گے۔ اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام مرکز ی و صوبائی قائدین شریک ہوں گے۔ اجلاس بعض تنظیمی اور سیاسی فیصلوں کے حوالے سے اہم ہو گا۔

اس حوالے سے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے سینئر لیگی رہنماء سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ اجلاس میں پارٹی کے ذمہ داران کو انتخابات تک کے لائحہ عمل سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا اور انہیں بتایا جائے گا کہ عوامی رابطہ مہم کی بنیاد کیا ہو گی۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں کسی دباؤ میں آنے والے نہیں، 2018ء کے انتخابات سے ہم نہیں، مخالفین خوفزدہ ہیں، انتخابات کا بگل بجے گا تو پتہ چل جائے گا کہ کون کہاں کھڑا ہے؟ سازشوں پر نہیں، عوامی قوت پر اعتماد رکھتے ہیں، چور دروازے کھلنے والے نہیں، ملک کے مستقبل کا فیصلہ عوام کریں گے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، نواز شریف کی قیادت میں ہی ملک اقتصادی خودمختاری کی منزل پر پہنچے گا، جمہوریت کی جنگ میں سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں، آئین کی بالادستی، سول حاکمیت اور ووٹ کے تقدس پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔