اوسلو- منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی ﷺ کا انعقاد

9

اوسلو(عقیل قادر) منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام شب میلا دالنبیﷺ کے موقع پر چوتھا سالانہ گرینڈ دنڑ اور ایک عظیم الشان محفل میلاد مصطفی ﷺ کا انعقاد کوپن ہیگن کے وسط میں واقع ایک وسیع و عریض اور خوبصورت ہال سٹارایونٹ میں کیا گیا جس میں 1100 سے زائد تعداد نے خواتین و حضرات اوربچوں نے بھرپور شرکت کی۔ میلاد النبیﷺ کی خوشی میں ہال کو خوبصورت قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا۔ تقریب کے آغاز میں قاری اسماعیل فریدتونسوی نے اپنی خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن پاک پیش کی۔ برطانیہ سے تشریف لائے نعت خواں اویس اقبال اور پاکستان کے نامور نعت خواں ظہیر عباس بلالی نے خوبصورت انداز میں مدح ثرائی کر کے خوب داد سمیٹی اور حاضرین انہیں نعرہ تکبیر و رسالت سے داد پیش کرتے رہے۔ مہمان خصوصی علامہ مفتی محمد ارشاد سعیدی نے حضورنبی کریم ﷺ کے نام مبارک کے فضائل و مناقب کے حوالے سے سحر انگیز خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کے نام اور نام محمد ﷺ کی شان یہ ہے کہ ان دونوں ناموں میں کوئی نقطہ نہیں ہے تاکہ نقطہ چینی کرنے والوں کو کوئی موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ محمد ﷺ کا مطلب ہے جس کی بہت زیادہ تعریف کی جائے اور جس کی تعریف خود رب العزت کرتا ہے اس کے تعریف کی کوئی حد نہیں ہو سکتی ، انہوں نے کہا کہ کائنات میں مصطفی ﷺ سے بلند صرف ذات خدا ہے اور حضور نبی کریم ﷺ کے برابر اور کوئی ذات نہیں ۔میلاد کانفرنس سے علامہ حافظ ادریس الازہری ، صدر منہاج القرآن انٹرنشینل ڈنمارک ڈاکٹر عُرفان ظہور احمد، علامہ اشتیاق ، علامہ عتیق احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے نائب صدر حافظ سجاد احمد اور جنرل سیکریڑی حسن بوستان نے بتایا کہ محفل میلاد کو گذشتہ چار سالوں سے بڑے پیمانے پر منایا جارہا ہے جس میں ہر سال محفل میلاد کی رونقوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ محفل میلاد میں افشین آرٹس کی طرف سے ڈونیٹ کی گئی دو خوبصورت اسلامی پینٹنگزکی بولی بھی لگائی گئی جس سے حاصل ہونے والی رقم مسجد فنڈ میں دے دی گئی۔ محفل میلادکو کامیاب بنانے پر منہاج القرآن کے تمام ذیلی فورمز اورباالخصوص نائب جنرل سیکریڑی علی عمران کی انتھک کوششوں کو سراہا گیا۔ محفل میں نقابت کے فرائض علامہ حافظ ادریس الازہری نے نہایت خوش اسلوبی سے ادا کیے۔ محفل میں منہاج ایجوکیشن فورم کے بچوں نے بھی تلاوت، نعت اور تقایر پیش کیں۔ اس بابرکت محفل میں دو خوش نصیبوں نے قرعہ اندازی کے ذریعے دو عمرے کے ٹکٹ جیتے کئی شرکاء نے ہاوئس آف انسپاریشن کی طرف سے گفٹ واؤچر بھی جیتے۔ محفل کے آخر پر درودوسلام پیش کیا گیا اور اظہار تشکر کے کلمات سرپرست منہاج القرآن ڈنمارک شیخ اشفاق احمد نے ادا کیے۔ اختتام پر بچوں نے درودوسلام کی صدا میں حضورنبی کریم ﷺ کے میلاد کا کیک کاٹا۔