فیصل آباد ختم نبوت کانفرنس: نون لیگ کے 2 ایم این ایز، 3 ایم پی ایز مستعفی

53

فیصل آباد کی ختم نبوت کانفرنس میں نون لیگ کو بڑا دھچکا، ناراض رہنماؤں کے استعفوں کی لائن لگ گئی، 2 ایم این ایز، 3 صوبائی ارکان اسمبلی سمیت بلدیاتی نمائندوں اور لیگی عہدیداران نے اپنے استعفے پیر حمید الدین سیالوی کے سپرد کر دیئے۔

فیصل آباد: (فلک نیوز) دھوبی گھاٹ فیصل آباد جلسے میں استعفوں کی لائن لگ گئی۔ ن لیگ کے ناراض ارکان اسمبلی کے متوقع استعفے آنا شروع ہو گئے۔ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں پیر حمید الدین سیالوی بھی شریک ہیں جنہیں نون لیگ کے متعدد ناراض ارکان نے اپنے استعفے پیش کئے۔ ایم این اے ڈاکٹر نثار جٹ اور ایم این اے غلام بی بی بھروانہ نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ ایم پی اے نظام الدین سیالوی اور ایم پی اے مولانا رحمت اللہ بھی مستعفی ہو گئے۔ ایم پی اے محمد خان بلوچ نے بھی صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر حمید الدیس سیالوی نے کہا کہ سیاسی بات کرنے اور ووٹ لینے نہیں آیا، ہم ختم نبوت پر ایمان رکھتے ہیں، گلی، گلی نبی پاک ﷺ کا پیغام پہنچائیں گے، اپنی زندگی کو ناموس رسالت ﷺ پر قربان کر دینا چاہئے، ہم ختم نبوت کے تحفظ کیلئے یہاں آئے ہیں۔ پیر حمید الدین سیالوی نے مزید کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور ہم ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ نافذ کریں گے۔

کانفرنس میں 15 بلدیاتی نمائندوں سمیت کئی لیگی عہدیداروں نے بھی استعفے پیر حمید الدین سیالوی کے سپرد کئے۔ کانفرنس کی انتظامیہ نے رانا ثناء اللہ کے مستعفی نہ ہونے پر لاہور میں اگلے جلسے کا اعلان کر دیا۔ 4 جنوری کو داتا دربار سے مارچ کیا جائے گا۔