مسلمان ہونے کی سزا، زائرہ وسیم کے ساتھ فلائٹ میں دست درازی

27

فلم ’’دنگل‘‘ میں عامر خان کی بیٹی کا کردارادا کرنے والی اداکارہ زائرہ وسیم کے ساتھ فلائٹ کے دوران مسافر کی جانب سے دست درازی کی گئی جس پر وہ زاروقطار رونے لگیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی بلاک بسٹرفلم دنگل سے انٹری دینے والی اداکارہ زائرہ وسیم دہلی سے وسترا ائیرلائن کی پروازسے ممبئی جارہی تھیں کہ انہوں نے فلائٹ کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا۔

اداکارہ نے سماجی رابطے کی ایپ انسٹاگرام پرایک وڈیوڈالی جس میں وہ زارو قطاررورہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلائٹ میں ان کے عقب میں بیٹھے شخص نے اس وقت دست درازی کی جب وہ سورہی تھیں۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ مسلسل ان کی گردن اورکندھے پرہاتھ لگارہا تھا، اداکارہ اُس کی اس حرکت کی وڈیو بنانا چاہتی تھی لیکن روشنی کم ہونے کے باعث وہ ایسا نہیں کرسکیں تاہم وہ کسی حد تک اسکرین شاٹس لینے میں کامیاب رہیں۔

اداکارہ نے فلائٹ کے کیبن کریو کو بلایا اوراس شخص کی شکایت کی تاہم فلائٹ کے عملے اس شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی، جس کے بعد اداکارہ نے انسٹاگرام پرسب کو روتے ہوئے اپنی روداد سنائی اورکہا کہ وہ بہت زیادہ پریشان ہیں، کسی بھی لڑکی کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے، کیا لڑکیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے گا اورہماری کوئی مدد نہیں کرے گا جب تک ہم اپنی مدد خود نہیں کریں گے۔

اداکارہ کی جانب سے اس اقدام کے بعد ائیرلائن وسترا کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی کہ وہ زائرہ کے ساتھ ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی، زائرہ کے ساتھ بھرپورتعاون کریں گے جب کہ ایسا رویہ ناقابل برداشت ہیں جس کے خلاف سخت اقدام اٹھائیں گے۔