سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف لندن سے لاہور پہنچ گئے

19

لاہور (فلک نیوز) نواز شریف بیٹی مریم نواز اور نواسی ماہ نور صفدر کے ہمراہ لندن سے لاہور پہنچ گئے۔ سابق نا اہل وزیر اعظم کو سرکاری پروٹوکول میں گاڑیوں کے بڑے قافلے کے ساتھ ایئرپورٹ سے جاتی امراء پہنچایا گیا۔
وزارت عظمیٰ چلی گئی لیکن ٹھاٹھ باٹھ کے انداز نہ بدلے۔
سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف بیٹی مریم نواز اور نواسی ماہ نور صفدر کے ہمراہ پی آئی اے کی پرواز سیون فائیو ایٹ کے ذریعے لندن سے لاہور پہنچے۔
طیارے کا ایئرپورٹ پر اترنا تھا کہ شاہانہ انداز شروع ہو گئے۔
سرکاری پروٹوکول پہلے ہی سے سابق نا اہل وزیر اعظم کا منتظر تھا۔
گاڑیوں کا لمبا چوڑا قافلہ نواز شریف کو لے کر ایئرپورٹ سے جاتی امراء روانہ ہوا تو عام ٹریفک کو روک دیا گیا۔
سخت سکیورٹی کے حصار میں جاتی امراء پہنچنے پر نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لندن میں بھی پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا اور ہیتھرو ایئرپورٹ پر وی آئی پی راستے سے جہاز تک پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق انیس دسمبر کو نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کا امکان ہے۔ سابق وزیر اعظم پانچ دسمبر کو اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے لئے لندن گئے تھے۔