چین نے ملتان میٹرو پراجیکٹ میں شہباز شریف پر کرپشن کا الزام لگانے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کردیا۔
ملتان میٹرو پراجیکٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر کرپشن کا الزام لگانے والی چینی کمپنی کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا، تحقیقات میں الزامات جھوٹ ثابت ہونے پر چین کے ریگولیٹری کمیشن نے چینی کمپنی کوبلیک لسٹ کردیا۔
چینی حکومت نے میٹروبس سے پیسے کمانے کے جھوٹے دعوے پر چینی کمپنی یابیٹ پر اپنی ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ عائد کیا اور سیکیورٹیز مارکیٹ میں حصہ لینے پر ہمیشہ کیلئے پابندی بھی عائد کردی، اس کے علاوہ کمپنی کے دیگر متعلقہ عہدیداروں کوبھی سزائیں سنائی گئیں۔ یابیٹ کمپنی کی جانب سے پنجاب حکومت سے معافی بھی مانگی گئی ہے جس کا خط کمپنی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملی بھگت سے پیسے کمانے کے الزامات کی تردید کی اور قانونی نوٹسز بھی بھجوائے، پنجاب حکومت کے مطابق پی ٹی آئی کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس کا اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔