کنسرٹ میں ڈانس کرتے 50 شائقین کے موبائل چرانے والا انوکھا فنکار

127

برطانیہ میں ایک چالاک فون چور کو پولیس نے رنگے ہاتھوں پکڑلیا جس نے ہجوم سے بھرپور ایک کنسرٹ میں 50 سے زائد فون چرائے اور اپنے لباس کے نیچے تیراکی کے تنگ لباس میں انہیں چھپاتا رہا۔

برطانیہ میں رہنے والا رومانیہ کا باشندہ ایلِن مارِن برمنگھم کے ایک بہت بڑے کنسرٹ میں شریک تھا جو اس سال 18 نومبر کو منعقد ہوا تھا۔ رائل بلڈ کنسرٹ میں اس نے تنگ جینز اور سیاہ وگلابی سوئمنگ سوٹ پہنا ہوا تھا وہ کنسرٹ میں ناچتے ہوئے دیگر افراد کے فون چراتا رہا اور مہارت کے ساتھ چوری شدہ فون سوئمنگ سوٹ میں اڑستا رہا۔ مہنگے سستے اسمارٹ فون کی اچھی خاصی تعداد جمع کرنے کے بعد اس نے اپنے گھر کی راہ لی لیکن اس کی بدقسمتی تھی کہ کنسرٹ کے شرکا میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے جو گزشتہ سال فون چوری ہونے کی شکایات پر وہاں موجود تھے۔ اس طرح پولیس نے چلتے پھرتے موبائل فون کے اس صندوق کو اپنی گرفت میں اس وقت لیا جو وہ اپنی کار میں بیٹھ رہا تھا۔

توقع ہے کہ اب مارن کو فون چرانے کی پاداش میں تین سال تک جیل کی ہوا کھانا ہوگی۔