جنوبی پنجاب میں موسمی انفلوئنزا سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی

31

جنوبی پنجاب میں موسمی انفلوئنزا اے ایچ ون این ون خطرناک وبائی صورت اختیار کرگیا اس وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہو گئی۔

فلک نیوز کے مطابق موسمی وائرل انفیکشن انفلوئنزا اے ایچ ون این ون نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کو لپیٹ میں لے لیا ہے،اس ماہ نشتر اسپتال میں 37 مریض انفلوئنزا  اے ایچ ون این ون کے شبہے میں رپورٹ ہوئے جن میں سے 23 مریضوں میں اس کی تصدیق ہوئی۔

موسمی زکام میں مبتلا  ہوکر جاں بحق ہونے والے 8 مریضوں کا تعلق ملتان سے تھا جبکہ ایک خاتون مریضہ مظفر گڑھ کی رہائشی تھی۔ سال 2014ء میں موسمی زکام میں مبتلا ہو کر 14 مریض جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی وائرس کی وجہ سے 11 مریض جان کی بازی ہار گئے تھے۔  ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان میں وبائی امراض کنٹرول پروگرام کے انچارج ڈاکٹر عطاالرحمان نے کہا ہے کہ وائرس سے بچاؤ کی تمام ادویات اور ویکسین نشتر اسپتال کو مہیا کر دی گئی ہیں، شہری میڈیکل آؤٹ ڈور میں معائنہ کے بعد مفت ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

ادھر ضلعی انتظامیہ نے بھی ریڈ الرٹ جاری کر تے ہوئے تمام سرکاری اسپتالوں میں بیماری سے آگاہی اور ویکسی نیشن کے لیے کاؤنٹرز قائم کر دیے ہیں۔