نجفی رپورٹ کا خیر مقدم،ختم نبوت پہ ایک استعفیٰ ناکافی ۔ پاکستان عوامی تحریک یورپ

20

کوپن ہیگن (محمدمنیر) پاکستان عوامی تحریک یورپ کے پلیٹ فارم سے بارسلونا میں ہونے والی اس اہم پریس کانفرنس میں، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین، عام آدمی پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے  نمائندے موجود تھے، عوامی تحریک یورپ کے صدر ، جناب شاہد ملک نے کہا کہ نجفی کمیشن کی رپورٹ نے قاتلوں کو سر بازار ننگا کردیا ہے اب اداروں کا کام ہے کہ وہ ماڈل ٹاون میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین کو انصاف دلائیں۔ پیپلز پارٹی سپین کے نائب صدر ، جناب ساجد گوندل نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ عدالتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی نرمی ناقابل فہم ہے، مجلس وحدت المسلمین سپین کے صدر میاں اعجاز صاحب نے کہا کہ مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے ہم پاکستان عوامی تحریک کا ہر ممکن ساتھ دینگے۔
پاکستان عوامی تحریک یورپ کے جنرل سیکرٹری محمد منیر نے کہا کہ ہمارے تین مطالبات ہیں شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ استعفٰی دیں، ہماری ایف آئی آر میں نامزد120 بیورو کریٹس اور پولیس افسران اس کیس کا فیصلہ آنے تک عہدے چھوڑ دیں تاکہ وہ تفتیش پہ اثر انداز نہ ہوسکیں اور پانامہ کیس کی طرز پر ایسی آزاد اور خود مختار جے آئی ٹی بنائی جائے جو سپریم کورٹ کے ججز پہ مشتمل ہو، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم یورپ کے ہر فورم پہ احتجاج کرینگے۔
عوامی تحریک سپین کے صدر، اقبال چوہدری نے کہا کہ ہم فلسطین میں ہونے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ٹرمپ کے اس بیان کو بھی رد کرتے ہیں جس میں انہوں نے القدس کو اسرائیل کا دارلخلافہ بنانے اور وہاں امریکی سفارتخانہ کھولنے کا عندیہ دیا ہے۔ تحریک انصاف سپین کے صدر محمد شہباز ملک نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ماڈل ٹاون آپریشن بیرئرز ہٹانے کے لیے نہیں بلکہ طاہر القادری کی پیشقدمی روکنے اور انکے کارکنان کو ہراساں کرنے کے لیے کیا گیا۔ ہمارے لیڈر جناب، عمران خان صاحب نے پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہرممکن تعاون کا وعدہ کیا ہے۔