ناروے۔ پاکستان کی ترقی کا رازاسلامی نظام کے نفاذ سے وابستہ ہے۔ سراج الحق

35

ناروے۔ پاکستان کی ترقی کا راز اسلامی نظام کے نفاذ سے وابستہ ہے۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا اوسلو میں خطاب
اوسلو(عقیل قادر) اسلامی کلچرل سینٹر ناروے نے ”عالمی منظرنامہ اور پاکستان” کے نام سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق تھے۔ کانفرنس کی صدارت مولانا محبوب الرحمن نے کی جبکہ جماعت اسلامی پاکستا ن ڈاکٹر طارق سلیم اور برطانیہ سے میاں عبدالحق نے خصوصی شرکت کی۔ معزز مہمانوں میں ڈاکٹر حامد فاروق، ارشد جمیل اور دیگر شامل ہیں۔کانفرنس کا آغاز علی رضا نے تلاوت قرآن پاک سے کیاجبکہ نقابت کے فرائض حسین شاہ نے خوبصورتی سے سرانجام دیئے۔ ۔ کانفرنس میں خواتین و حضرات نے دورو نزدیک سے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اللہ پاک نے پاکستان کو ہر دولت سے مالا مال کیا ہے مگر اس پر چوروںِ ، ڈاکووں اور کرپٹ لوگوں نے قبضہ جما رکھا ہے اور اس تسلط کو توڑنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں تمام دینی و مذہبی جماعتوں کا اتحاد بنایا جائے اور ان جابر قوتوں کا ووٹ اور عوامی قوت سے خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ایک انتہائی منظم جماعت ہے اور اسکے پاس ایسے قابل افراد موجود ہیں جو ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے عوام الناس کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔