امریکی صدر کا رویہ افسوسناک ہے؛ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں: رجب طیب اردوان

18

ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور امریکی دھمکیوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ یہ بات ایوان صدر کے ترجمان نے بتائی۔

اردوان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں ہیں لیکن اس کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے بارے میں ہتک آمیز رویہ اختیار انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی کا رشتہ بہت مضبوط ہے اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ترکی ہمہ وقت پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے ترک ہم منصب کے پیغام کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ترک بھائیوں کی حمایت پر فخر کرتے ہیں۔ ممنون حسین نے بتایا کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیش قیمت قربانیوں کے باوجود امریکی صدر کی جانب سے ہمارے جذبات کی ناقدری بہت افسوس ناک ہے مگر پاکستان اس ہرزہ سرائی کا مناسب جواب دے گا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس ضمن میں دی جانے والی امداد روکنے کی دھمکی بھی دی تھی۔