ٹی ٹوئنٹی رینکنگ؛ عماد وسیم بولنگ میں نمبر ون پوزیشن سے محروم

465

کیوی اسپنر ایش سوڈھی نے قومی ٹیم کے اسپنر عماد وسیم کو ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن سے محروم کردیا۔ 

آئی سی سی نے نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی، جس کے مطابق عماد وسیم بولنگ میں نمبر ون پوزیشن سے محروم ہو گئے ہیں جب کہ کیوی اسپنر ایش سوڈھی ٹاپ بولر بن گئے ہیں۔ بیٹسمینوں میں کولن منرو اور بولنگ میں ایش سوڈھی نے ٹاپ 2 پوزیشنز پر قبضہ جما لیا، وہ برینڈن میکولم اور ڈینیئل ویٹوری کے بعد بیٹنگ اور بولنگ میں پہلی دو پوزیشنز پر قبضہ جمانے والی دوسری کیوی جوڑی بن گئے ہیں۔

بیٹنگ میں کوئی پاکستانی بیٹسمین ٹاپ 10 میں موجود نہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف ریکارڈ تیسری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری جڑنے والے نیوزی لینڈ کے کولن منرو 11 درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے ایرون فنچ کو پیچھے دھکیل کر نمبر ون بن گئے ہیں، ویرات کوہلی بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں، ایون لیوس 2 اور لوکیش راہول ایک درجہ تنزلی کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں، گلین میکسویل بدستور چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 2 درجے پیچھے آتے ہوئے ساتویں، الیکس ہیلز، ہاشم آملہ اور جوئے روٹ ایک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ بالترتیب 8ویں، 9ویں اور 10 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔  بولنگ میں ایش سوڈی نے پاکستان کے عماد وسیم کو نمبر ون پوزیشن سے محروم کر دیا، کیوی اسپنر دسویں پوزیشن سے براہ راست نمبر ون پر آ گئے ہیں، راشد خان اور جسپریت بمراہ ایک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں، مچل سینٹنر 6 درجے ترقی کے ساتھ پانچویں، سیموئل بدری 2 درجے تنزلی کے ساتھ چھٹے جب کہ عمران طاہر، مستفیض الرحمان، شکیب الحسن اور جیمز فالکنر ایک ایک درجہ پیچھے ہٹتے ہوئے بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

آل راﺅنڈرز کی ٹاپ 3 رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، شکیب الحسن بدستور سرفہرست جب کہ گلین میکسویل دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔