ڈاکٹرطاہرالقادری کا 17 جنوری سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

11

لاہور: (فلک نیوز) طاہر القادری نے 17 جنوری سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں رانا ثناء اللہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا، ڈیڈ لائن کل ختم ہو چکی، مطالبہ پورا نہیں ہوا، اب استعفیٰ مانگیں گے نہیں، لیں گے۔

طاہر القادری نے کہا کہ اب ان کی حکومت کا خاتمہ ہو گا، ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس 11 جنوری کو ہو گا، ایکشن کمیٹی احتجاج کے مختلف امور کا جائزہ لے گی، قمر الزمان کائرہ، عبد العلیم خان، کامل علی آغا، شیخ رشید، ناصر شیرازی اور خرم نواز گنڈا پور کمیٹی میں شامل ہیں۔

رہنماء پاکستان عوامی تحریک نے دعویٰ کیا کہ اب صرف شہباز شریف نہیں، ان کی کابینہ کا خاتمہ ہو گا، پوری نون لیگ کا خاتمہ اور ایک ایک جرم کا حساب ہو گا۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم پر الزام عائد کیا کہ اپنی نااہلیت کو بچانے کیلئے انہوں نے ختم نبوت پر ڈاکہ مارا، حلف نامے میں تبدیلی میں ملوث افراد کو بھی بے نقاب کریں گے۔

طاہر القادری نے یہ بھی کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا گیا، یہ انصاف کے حصول کی تحریک ہے۔