کوئٹہ میں زور دار دھماکا، متعدد افراد زخمی

18

کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے قریب جی پی او چوک پر دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ 

فلک نیوز کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ختم ہوتے ہی اسمبلی سے تھوڑے فاصلے پر ریڈ زون کے قریب جی پی او چوک پر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جب کہ قریب کھڑی ایک بس بھی بری طرح متاثر ہوئی۔

نمائندہ فلک نیوز کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اب تک دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں پولیس اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم دھماکے میں اب تک کسی کے جاں بحق ہونے کے اطلاع سامنے نہیں آئی۔  سیکیورٹی اہلکاروں نے بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے جب کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تاحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے آج اسمبلی میں اہم اجلاس ہونا تھا جس کے پیش نظر ریڈزون میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی البتہ وزیراعلیٰ کے استعفیٰ دینے کی وجہ سے اجلاس ملتوی کردیا گیا۔