سپریم کورٹ نے جنوبی پنجاب سے شوگر ملز کی منتقلی روک دی

37

کسانوں کا مفاد مقدس، پورا معاوضہ دیا جائے، بابا رحمتے کے ساتھ سچ بولیں گے تو سب ٹھیک رہے گا: چیف جسٹس کے ریمارکس

اسلام آباد: (فلک نیوز) سپریم کورٹ نے شریف فیملی کی جنوبی پنجاب سے شوگر ملز کی منتقلی روک دی ہے،، جہانگیرترین کی جانب سے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انکی شوگر ملز جنوبی پنجاب کے کسانوں سے گنا خریدیں گی۔

چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شریف فیملی کی شوگرملز کی منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ جہانگیر ترین کے وکیل اعتزاز احسن نے عدالت کو کسانوں سے گنا خریدنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جے ڈی ڈبلیو، آروائی کے، حمزہ، اشرف، انڈس شوگر ملز گنا خریدیں گی۔

عدالت نے شریف فیملی کی شوگر ملز کھولنے کے حکم امتناع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شریف فیملی کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے جنوبی پنجاب سے شوگر ملز کی منتقلی روک دی۔ جہانگیر ترین یقینی بنائیں کہ کسانوں کا نقصان نہ ہو، کسانوں کو پورا معاوضہ ملے، جو یقین دہانی کرائی جائے اس پر من و عن عمل کیا جائے، کسانوں کا مفاد مقدس ہے۔

کسان فاؤنڈیشن کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جن شوگر ملز کو گنا خریدنے کی اجازت دی ان کی صلاحیت بہت کم ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کسانوں کی لاہور میں جہاں میٹنگ ہوئی اس کی تصویر میرے پاس آچکی ہے، کسانوں کو وکیل کرنے کیلئے کس نے سپانسر کیا وہ بھی معلوم ہے، بابا رحمتے کے ساتھ سچ بولیں گے تو سب ٹھیک رہے گا، کمزور چیف جسٹس ہوگا جس کے آنکھ اور کان عدالت کے اندر اور باہر کھلے نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا گنا خریدنے کے عمل کی خود مانیٹرنگ کروں گا، گنا خریداری میں کسی قسم کی شکایت پرچیمبر میں سماعت کریں گے۔ مقدمے کی سماعت 18 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔